میسورو،15؍اگست (ایس او نیوز) کے پی سی سی کے ترجمان ایم لکشمن نے بتایا کہ رکن اسمبلی ستیش ریڈی کی کاروں کو بی جے پی والوں نے ہی نذر آتش کیا ہے۔
اس سلسلہ میں یہاں کانگریس بھون میں طلب کردہ اخباری کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے لکشمن نے اس خیال کا اظہار کیا اور کہا کہ بنگلور میں کووِڈ بستروں کے بلاک دھندہ میں ستیش ریڈی ملوث تھے جس کا انکشاف خود بی جے پی رہنماؤں نے کیا تھا اور اسی طرح ان کاروں کوآگ لگانے والے بھی بی جے پی سے ہی تعلق رکھتے ہیں۔ پولیس اس سلسلہ میں غیر جانبدارانہ تحقیق کرکے اصل مجرموں کو منظر عام پر لائے۔
ریاستی وزیر کے ایس ایشورپا کے فرزند کانتیش نے بنگلور کے پینیا انڈسٹریل ایریامیں 4بڑے سائٹیں خریدی ہیں جن کی قیمت کروڑوں میں ہے لیکن ای ڈی اس سلسلہ میں تحقیق نہیں کرتی۔ انہوں نے الزام لگایا کہ ایشورپا کے فرزند نے اقتدار کا غلط فائدہ اٹھایا ہے اور بد عنوانیوں میں ملوث ہورہے ہیں اس سلسلہ میں دستاویزات ای ڈی کو روانہ کئے گئے ہیں۔میکے ڈاٹو پراجیکٹ کے تعلق سے سی ٹی روی ریاست کو دھوکہ دے رہے ہیں۔